Ephesians 3 Urdu
From Textus Receptus
۱
-اِسی سبب سے مَیں پَولُسؔ تُم غَیرقَوم والوں کی خاطِر مسِیح یِسُوؔع کا قَیدی ہُوں
۲
-شاید تُم نے خُدا کے اُس فضل کے اِنتظام کا حال سُنا ہوگا جو تُمہارے لِئے مُجھ پر ہُؤا
۳
-یعنی یہ کہ وہ بھید مُجھے مُکاشفہ سے معلُوم ہُؤا۔ چُنانچہ مَیں نے پہلے اُس کا مُختصر حال لِکھا ہے
۴
-جِسے پڑھ کر تُم معلُوم کر سکتے ہو کہ مَیں مسِیح کا وہ بھید کِس قدر سمجھتا ہُوں
۵
-جو اَور زمانوں میں بنی آدم کو اِس طرح معلُوم نہ ہُؤا تھا جِس طرح اُس کے مُقدّس رسُولوں اور نبیوں پر رُوح میں اَب ظاہِر ہو گیا ہے
۶
-یعنی یہ کہ مسِیح یِسُوؔع میں غَیرقَومیں خُوشخبری کے وسِیلہ سے مِیراث میں شرِیک اور بدن میں شامِل اور وعدہ میں داخِل ہیں
۷
-اور خُدا کے اُس فضل کی بخشِش سے جو اُس کی قُدرت کی تاثِیر سے مُجھ پر ہُؤا مَیں اِس خُوشخبری کا خادِم بنا
۸
-مُجھ پر جو سب مُقدّسوں میں چھوٹے سے چھوٹا ہُوں یہ فضل ہُؤا کہ مَیں غَیرقَوموں کو مسِیح کی بے قیاس دَولت کی خُوشخبری دُوں
۹
-اور سب پر یہ بات رَوشن کرُوں کہ اُس بھید میں شرکت کیوںکر ہوتی ہے، جو ازل سے خُدا میں، جس نے سب کُچھ یِسُوع مسِیح سے پَیدا کِیا، پوشِیدہ ہے
۱۰
-تاکہ اب کلیِسیا کے وسِیلہ سے خُدا کی طرح طرح کی حِکمت اُن حُکُومت والوں اور اِختیار والوں کو جو آسمانی مقاموں میں ہیں معلُوم ہو جائے
۱۱
-اُس ازلی اِرادہ کے مُطابِق جو اُس نے ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوؔع میں کِیا تھا
۱۲
-جِس میں ہم کو اُس پر اِیمان رکھنے کے سبب سے دِلیری ہے اور بھروسے کے ساتھ رسائی
۱۳
-پس مَیں درخواست کرتا ہُوں کہ تُم میری اُن مُصِیبتوں کے سبب سے جو تُمہاری خاطِر سہتا ہُوں ہمت نہ ہارو کیونکہ وہ تُمہارے لِئے عِزّت کا باعِث ہیں
۱۴
-اِس سبب سے مَیں ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے باپ کے آگے اپنے گُھٹنے ٹیکتا ہُوں
۱۵
-جِس سے آسمان اور زمِین کا ہر ایک خاندان نامزد ہے
۱۶
-کہ وہ اپنے جلال کی دَولت کے مُوافِق تُمہیں یہ عِنایت کرے کہ تُم اُس کے رُوح سے اپنی باطِنی اِنسانِیّت میں بُہت ہی زورآور ہو جاؤ
۱۷
-اور اِیمان کے وسِیلہ سے مسِیح تُمہارے دِلوں میں سُکُونت کرے تاکہ تُم مُحبّت میں جڑ پکڑ کے اور بُنیاد قائِم کر کے
۱۸
-سب مُقدّسوں سمیت بخُوبی معلُوم کر سکو کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی اور اُنچائی اور گہرائی کِتنی ہے
۱۹
-اور مسِیح کی اُس مُحبّت کو جان سکو جو جاننے سے باہِر ہے تاکہ تُم خُدا کی ساری معمُوری تک معمُور ہو جاؤ
۲۰
-اَب جو اَیسا قادِر ہے کہ اُس قُدرت کے مُوافِق جو ہم میں تاثِیر کرتی ہے ہماری درخواست اور خیال سے بُہت زِیادہ کام کرسکتا ہے
۲۱
-کلیِسیا میں اور مسِیح یِسُوؔع میں پُشت در پُشت اور ابدُالآباد اُس کی تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین